گاڑیوں کی رجسٹریشن بک کا دور ختم، آج سے سمارٹ کارڈ چلے گا

18 Dec, 2018 | 03:46 PM

Sughra Afzal
Read more!

(عمر اسلم) گاڑیوں کی رجسٹریشن بک کا دور ختم، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار نے سمارٹ کارڈ کا افتتاح کردیا۔ محکمہ ایکسائز روزانہ 20 ہزار سمارٹ کارڈ جاری کرے گا۔

حکومت پنجاب کا جدید ٹیکنالوجی کی جانب ایک اور قدم، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گاڑیوں کی رجسٹریشن بک کی جگہ سمارٹ کارڈ فراہمی کے سسٹم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز شیر عالم ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل اورچیئرمین کار ڈیلرایسوسی ایشن جیل روڈ چودھری ادریس سمیت دیگر موجود تھے۔

 وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو جدید اور محفوظ بنا دیا گیا۔ سمارٹ کارڈ میں 11 سے زائد سکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں، نئے کارڈ میں کیو آر کوڈ، مائیکرو ٹیکسٹ اور فلپ امیج جیسے سکیورٹی فیچرز شامل ہیں۔ 

 ذرائع کے مطابق سمارٹ کارڈ کی فیس 530 روپے وصول کی جائے گی۔ جبکہ کارڈ بذریعہ کورئیر متعلقہ ایڈریس پر چوبیس گھنٹوں میں بھجوایا جائے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر 8 ہزارکارڈ بنیں گےجبکہ پرانی رجسٹریشن بکس تبدیل کرنے کے خواہشمند شہری بھی فیس جمع کرا کے سمارٹ کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔

اس سے قبل محکمہ ایکسائز کے دفتر سے رجسٹریشن بکس جاری کی جاتی تھیں۔ جس میں موٹرسائیکل کی بک 300 جبکہ گاڑی کی 500 روپے میں دی جاتی تھی۔ اب دونوں کی یکساں  530روپے فیس وصول کی جائے گی۔ سمارٹ کارڈ پر شہری کا نام، گھر کا پتہ، گاڑی کا ماڈل نمبر، چیسی نمبر اور گاڑی کے رنگ سمیت تمام تفصیلات درج ہونگی۔

مزیدخبریں