(جنید ریاض) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے اہداف پورا نہ کرنے والے 64 سرکاری سکولوں کے سربراہان کو لاہور سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مذکورہ سکولوں میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے 21 سکول بھی شامل ہیں۔
سٹی 42 کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 95 فیصد اہداف پورا کرنے کا حکم دے رکھا ہے لیکن لاہور کے 64 ہائی سکول 60 فیصد اہداف بھی پورا نہیں کرسکے۔ مذکورہ سکولوں میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے 21 سکول بھی شامل ہیں۔ ناقص کارکردگی میں تحصیل کینٹ کے 5، رائیونڈ کے7، تحصیل سٹی کے 22، ماڈل ٹاؤن کے 16 اور شالیمار ٹاؤن کے 14 سکولز شامل ہیں۔مذکورہ سکولوں سربراہان سے طلباو اساتذہ کی حاضری میں کمی، ناقص نتائج اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر جواب طلب کیا گیا ہے۔
تحصیل کینٹ میں مصطفیٰ آباد، میاں میر، گلستان کالونی اور جوڑے پل کےسکولز شامل ہیں۔ تحصیل ماڈل ٹاؤن میں وحدت روڈ، گرین ٹاؤن، کوٹ لکھپت اور تکیہ لہری شاہ کے سکولز شامل ہیں۔ تحصیل شالیمارمیں باٹا پور، مغلپورہ، مناحلہ کلاں، رسم گڑھ اور قلعہ گجر سنگھ شامل ہیں۔
تحصیل سٹی میں سمن آباد، مزنگ، موہنی روڈ، چونا منڈی، ساندہ، لوہاری گیٹ اور گلشن راوی شامل ہیں۔ تحصیل رائیونڈ میں سلطان کے، شامکے بھٹیاں، علی رضا آباد، بھوبتیاں اور مراکہ کے سکولز شامل ہیں۔ ڈی ای او سیکنڈری ملک احسان کا کہنا ہے کہ مذکورہ سکول سربراہان سے ناقص کارکردگی پر جواب طلب کیا گیا ہے تسلی بخش جواب نہ دینے سے انہیں عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔