ویب ڈیسک : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ محض جرمانہ کافی نہیں، گراں فروشوں کی 3 دن کے لئے دکان بھی بند کی جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں ایم این اے راجہ اسا مہ سرور، حسن اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر ، کمشنر عبدالعامر خٹک، ڈی سی مری ظہیر عباس شیرازی، آر پی او بابر سرفراز، ڈی سی راولپنڈی حسن، اے ڈی سی مری شہریار شیرازی، اے سی مری کیپٹن (ر) عبد الوہاب اور ڈی ایس پی ملک ارشد شریک ہوئے۔
اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت زیر تکمیل اور نئے پراجیکٹس پر پیش رفت کی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ نالہ لئی کی مون سون بارشوں سے قبل صفائی سے سیلابی کیفیت نہیں پیدا ہوئی، مری میں35 غیر قانونی بلڈنگیں مسمار کردی گئی ہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے طویل عرصے سے زیر التوا پراجیکٹس کی تفصیل بھی طلب کر لی۔
دورانِ اجلاس راولپنڈی میں ضروری اشیاء خوردونوش کے نرخ کا جائزہ لیا گیا، راولپنڈی میں سبزی منڈیاں اور سہولت بازار قائم کرنے اور اسسٹنٹ کمشنر کی تعداد بڑھانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، شہروں میں مین پلاسٹک ہول ڈھکن متعارف کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے چھوٹے بڑے شہروں میں پبلک ٹوائلٹس کی روازنہ صفائی کرنے، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو عوامی مساجد میں نماز جمعہ میں شرکت کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ملک کو ترقی کے لئے امن واستحکام چاہیے، فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں، پولیس کی کسی تعیناتی میں کوئی سیاسی عمل دخل نہیں، کام کر کے دکھائیں، محض جرمانہ کافی نہیں، گراں فروشی کی 3 دن کے لئے دکان بھی بند کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سہولت بازار میں خواتین دکانداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے، صفائی ستھرائی کا مسئلہ گلی محلوں میں زیادہ ہے، نگرانی اور مانیٹرنگ کے بغیر کوئی کام کرنے کو تیار نہیں، شہریوں میں گرین بیلٹ اور مارکنگ یکساں ہو نی چاہیے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اضلاع کا دودہ کریں گی۔