گرج چمک کے ساتھ مزید بارش، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

18 Aug, 2024 | 07:33 PM

روزینہ علی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ، بلوچستان ، شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے،اس دوران بالائی ،وسطی سندھ اور مشرقی بلوچستان میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے ۔ 

محکمہ موسیات کے مطابق 18 اگست کے روز موسلادھار بارشوں کے باعث ڈیرہ غازی خان ، کوہ سلیمان، ہرنائی، سبی،مستونگ،خاران، جھل مگسی ،کوہلو، نصیر آباد،جعفر آباد، ژوب،بولان، قلات، خضدار، بارکھان ،لسبیلہ، آوران ، دادو، کوہ کیرتھر اور کشمیر کے مقامی اور بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ شدید بارشوں کے باعث وسطی، زیریں سندھ اور جنوبی پنجاب کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، مری، گلیات اورکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے ۔ 

سوموار  کے  روز موسم کی صورتحال 

محکمہ مومیات کےمطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ رات کے اوقات میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔ 

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاح چترال،دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ،مہمند،خیبر،باجوڑ، مالاکنڈ، مردان، پشاور، کرک، کوہاٹ، کرم، بنوں، وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، جبکہ اس دوران چند مقاما ت پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاولدین ، قصور،لاہور،ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال ،جہلم تونسہ،لیہ ، ڈی جی خان اورخوشاب میں تیز ہواؤں/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ شمال مشرقی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، کوئٹہ، زیارت، قلعہ عبد اللہ، قلات ، خضدار، قلعہ سیف اللہ اور لسبیلہ میں تیز ہواؤں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم کراچی، جامشورو، ٹھٹھہ اور بدین میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ کشمیر اور  گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ 

مزیدخبریں