خیبرپختونخوا میں سرکاری فنڈز بانٹنے پر لڑائیاں ہو رہی ہیں: عظمیٰ بخاری

18 Aug, 2024 | 01:14 PM

راؤ دلشاد:  وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سرکاری فنڈز کے حصے بانٹنے پر لڑائیاں ہو رہی ہیں۔

بیرسٹر سیف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بیرسٹر صاحب حقیقت یہی ہے آپ سے صوبہ نہیں چل رہا، جو جماعت دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگاتی ہے ان کے اپنے وزرا اپنے ہی وزیر اعلیٰ کو چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بارے میں مشہور تھا یہ کھاتا بھی ہے کھلاتا بھی ہے لیکن لگاتا نہیں، علی امین گنڈاپور بالکل اپنے لیڈر کے نقش قدم پر نہیں چل رہے وہ اکیلے ہی کھا رہے ہیں لیکن کابینہ کو نہیں کھلا رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی بات کی لڑائیاں ٹاک شو اور پریس کانفرنسز تک پہنچ گئی ہیں، دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھائیں گے تو بچے چیخیں تو ماریں گے، خیبر پختونخوا میں سرکاری فنڈز کے حصے بانٹنے پر لڑائیاں ہو رہی ہیں، یہ لوگ پختونوں کی قسمت بدلنے آئے تھے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مجھے حیرت بھی ہوتی اور ہنسی بھی آتی ہے کون بیوقوف اور ذہنی مریض ہیں جو ان سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جو ہیرے اور گوہر نایاب عمران اور بزدار کی کابینہ میں تھے ایسے ہی ہیرے گنڈاپور کی کابینہ میں ہیں، ان سب کو اپنی اپنی جیبیں بھرنے کی فکر ہے عوام چاہے مہنگی روٹی خریدیں۔
 

مزیدخبریں