ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خوشحالی و ترقی پائیدار امن سے منسلک ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور ساؤتھ بلوچستان کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، فرنٹیئر کور ساؤتھ کے آئی جی میجر جنرل بلال سرفراز خان نے محسن نقوی کا استقبال کیا، وزیرداخلہ نے فرنٹیئر کور ساؤتھ کے ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
محسن نقوی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی، وزیر داخلہ نے فرنٹیئر کور کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیرد اخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت فرنٹیئر کور ساؤتھ کے ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا جس میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز اور انسداد سمگلنگ کی کارروائیوں کے بارے بریفنگ دی گئی، فرنٹیئر کور ساؤتھ کی پیشہ وارانہ کارکردگی کے بارے بھی بریف کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں قیام امن اور انسداد سمگلنگ کیلئے فرنٹیئر کور ساؤتھ کی کارکردگی کو سراہا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں ایف سی ساؤتھ فرنٹ لائن پر ہے، فرنٹیئر کور نے مشکل حالات میں امن کیلئے مثالی خدمات انجام دی ہیں، فرنٹیئر کور ساؤتھ کے افسران اور جوان بلوچستان میں امن کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کور ساؤتھ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر ناز ہے، ان کی ضروریات کو وسائل میں رہتے ہوئے پورا کیا جائے گا، بلوچستان کی خوشحالی و ترقی پائیدار امن سے منسلک ہے، بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے جامع اقدامات کی ضرورت ہے، بلوچستان کی پائیدار ترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر آنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں سے نوجوانوں میں صحتمند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، گزشتہ 6 ماہ میں 4 ارب 70 کروڑ روپے کی غیر قانونی اشیاء کو ضبط کیا گیا ہے۔