ویب ڈیسک: قاہرہ میں سنہ 1965 میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز کے حادثے میں بچ جانے والے سابق افسر صلاح الدین صدیقی لندن میں انتقال کرگئے ۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے افسر 93 سالہ صلاح الدین صدیقی 1980 میں بطور جنرل منیجر پبلک افیئرز ریٹائر ہوئے تھے۔ صلاح الدین صدیقی کراچی سے لندن جانے والی اُس پی آئی اے کی بدقسمت افتتاحی پرواز کا حصہ تھے، جسے 20 مئی 1965میں قاہرہ ایئرپورٹ کے قریب حادثہ پیش آیا، پرواز کو داہران، قاہرہ اور جینیوا پر رکنا تھا۔
پرواز میں عملے سمیت 128 مسافر سوار تھے، تاہم حادثے میں محض 6 مسافر ہی بچ پائے تھے۔
صلاح الدین صدیقی کئی سال سے لندن میں ہی رہائش اختیار کیے ہوئے تھے، فیملی ذرائع کے مطابق مرحوم نے سوگواران میں ایک بیٹا اور بیٹی کو چھوڑا ہے جبکہ پی آئی اے کے ترجمان نے سابقہ جنرل منیجر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے، ساتھ ہی ان کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔