ویب ڈیسک: گوگل فار اسٹارٹ اَپس نے پاکستان اور ایشیا پیسیفک میں آرٹیفیشل انٹیلیجینس کے فروغ کے لیے ’’اے آئی اکیڈمی‘‘ کے نام سے ایک پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گوگل فار اسٹارٹ اَپس کا مقصد دنیا بھر میں ترقی پذیر، متنوع اور دیگر اسٹارٹ اَپ کمیونٹیز کی مدد کرنا ہے۔ اے آئی اکیڈمی کا قیام گوگل کروم بک انیشیٹو کی پہلی کامیابی ہے جس کے بعد مزید پراجیکٹس کا آغاز بھی کیا جائے گا۔ پاکستان میں اس اقدام کا مقصد ایس آئی ایف سی کی مدد سے سرحد پار نئی شراکت داریوں کو جنم دینا ہے جو جدید خیالات اور وسائل کے تبادلے سے ’’اے آئی‘‘ کی دنیا میں انقلاب بر پا کر سکیں گی۔
ان اسٹارٹ اَپس کے ذریعے پاکستان کو ایشیا پیسیفک خطے میں ’’اے آئی‘‘ کی ترقی کے لیے ’’عالمی مرکز‘‘ بننے میں مدد ملے گی۔ اس پروگرام کے تحت عالمی ماہرین کی زیر نگرانی 20 سے زیادہ اسٹارٹ اَپس ’’اے آئی‘‘ پر مبنی مختلف پراڈکٹس تیار کریں گے۔ گوگل فار اسٹارٹ اَپس کے اکاؤنٹ میں 3لاکھ 50ہزار ڈالر تک کا کلاؤڈ کریڈٹ بھی شامل کیا جائے گا جو اسٹارٹ اَپ کے فنڈز کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے گوگل کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’نیا اے آئی اکیڈمی پروگرام پورے ایشیا پیسیفک میں مصنوعی ذہانت کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے گوگل کے عزم کا ثبوت ہے۔‘‘
فرحان ایس قریشی نے کہا کہ ’’ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان ایک اہم مارکیٹ ہونے کے ناطے مقامی اسٹارٹ اَپ کمپنیوں اور ایشیا پیسیفک خطے میں اے آئی کے نظام کو مزید مضبوطی بخشنے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائے گا۔‘‘
’’ گوگل فار اسٹارٹ اَپ‘‘ کے دنیا بھر میں فروغ کو آئی ٹی کے شعبے میں اہم کامیابی تصور کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں ایس آئی ایف سی کے تعاون سے آئی ٹی شعبے کی ترقی ملکی معیشت کی مضبوطی کی ضامن ہے۔