9 مئی والوں کو رعایت نہیں ملےگی،وعدے پورے کریں گے، نگراں وزیراعظم 

18 Aug, 2023 | 11:41 PM

سٹی42: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہےکہ ملکی اور غیر ملکی سطح پر کیے گئے وعدوں کو پورا کریں گے اور معاشی مسائل کے حل کے لیے بہترین اقدامات کریں گے۔

نگران کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ 9 مئی کو ریاست کے دفاعی نظام پر حملہ کیا گيا، جس نے بھی اس دن قانون کی خلاف ورزی کی اس کے خلاف کسی خوف و  رعایت کے بغیر کارروائی ہوگی۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملک کا ماحول تقسیم شدہ ہے، سیاست اور قانون میں فرق کرنا ہوگا، قانون کی حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا، ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ نہیں ہے، اکثریت کا کام اقلیت کا تحفظ کرنا ہے، رول آف آرڈر سے ہی قانون کی حکمرانی ہے، ہم قانون کی حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے، قدامت پسند رجحانات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سطح پر کیے گئے وعدوں کو پورا کریں گے اور معاشی مسائل کے حل کے لیےبہترین اقدامات کریں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا، ابھی ملک کا ماحول تقسیم شدہ ہے، ہمیں سیاست اور قانون میں فرق کرنا ہو گا، اگر انارکی ہوگی تو کوئی گورننس، سیکولر اور مذہبی نظام نہیں چل سکے گا، پاکستان تمام مذاہب اور نسلوں کا ملک ہے، حقوق نام پر نہیں کردار اور روئیے پر دیے جائیں گے۔

اس موقع پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیش آنے والے واقعات پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا  کہ ہم پاکستانی ریاست اور معاشرہ اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ نہیں ہیں، وہ ہم میں سے ہوسکتے ہیں  لیکن ہم نے انہیں خود سے الگ کردیا، اپنی شناخت کے عمل سے بھی علیحدہ کردیا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ کریں گے ، انہیں نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان زرعی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، ہم علامہ اقبال اور قائداعظم کے ویژن پر عمل کرکے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں گے اور مقررہ مدت میں پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے یہ ایک تجربہ کار اور بہترین ٹیم ہے، یقین ہے اللہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کرے گا اور تمام وزرا سے امید کرتا ہوں وہ اپنی اپنی وزارتوں میں بھرپور کردار اداکریں گے۔

مزیدخبریں