ویب ڈیسک: نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کی وزارت داخلہ آمد، انہوں نے وزارت داخلہ کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔
وزارت داخلہ آمد پر وفاقی سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ سمیت دیگر حکام نے وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کا استقبال کیا، نگران وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی گئی۔
نگران وزیر داخلہ نے وزارت کے سینئر افسران سے تعارفی ملاقات کی۔ وزیر داخلہ کو وزارت داخلہ اور اسکے ذیلی اداروں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، جڑانوالہ کا سانحہ انتہائی شرمناک اور رسول پاک کی تعلیمات کے منافی ہے، ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ پورے ملک میں بلا خوف و خطر نقل و حمل کر سکے، ملک میں کسی گروہ کو تشدد کی اجازت نہ دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو مل کر ملک و قوم کی خدمت کیلئے کام کرنا ہو گا، کرپشن کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ نگران وزیر داخلہ کے حکم پر نئے اسلحہ لائسنسز کے اجرا پر پابندی عائد کر دی گئی۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد بگٹی پاکستان کے 47 ویں وفاقی وزیر داخلہ ہیں۔