سٹی42: بزرگ عالم دین مفتی تقی عثمانی نے جڑانوالہ واقعے پر ردعمل میں کہا ہےکہ اسلام میں ایسی حرکتوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ٹوئٹر پر جڑانوالہ واقعہ کے متعلق اپنے ردعمل میں مفتی تقی عثمانی نے لکھا کہ جڑانوالہ کا واقعہ پوری قوم کے لیے شرمناک ہے، اگر کسی نے کوئی گستاخی کی ہے تو اس کا قانونی راستہ موجود ہے۔
مفتی تقی عثمانی نے لکھا کہ اسکے ردعمل میں گرجا گھروں کو جلانے یا پرامن عیسائی شہریوں کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانا انتہائی قابل مذمت ہے، اسلام میں ایسی حرکتوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کیخلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے کرسچین کالونی اور عیسیٰ نگری میں 4 گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے۔
واضح رہے کہ جڑانوالہ واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز کی مدد سے، لاوڈ سپیکروں پر اعلانات کرکے لوگوں کو اشتعال دلانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ ویڈیوز کی مدد سے فسادات میں ملوث 120 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور مزید شر پسندوں کی شناخت کے لئے آرٹیفشل انٹیلیجنس کی مدد لی جا رہی ہے۔ مزید ملزمان کی شناخت اور گرفتاریوں کی اطلاعات ہیں جن کی تفصیل چند گھنٹوں تک سامنے آنے کی توقع ہے۔