سٹی42: اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا پر ہرزہ سرائی کرنے میں ملوث پی ٹی آئی کے کارکن شایان علی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ بغاوت اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا۔
مقدمہ تھانہ رمنا میں درج کیا گیا ہے۔
ملزم نے لندن میں جوڈیشل آفیسر کی ایک یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیوں کے لئے وزٹ کے دوران ان کی زبردستی وڈیو بنائیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل آفیسر پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی، سیکورٹی اہلکار نے بچایا۔جوڈیشل آفیسر کو غدار اور ملک فروش کہا گیا۔
پی ٹی آئی کے رکن ہونے کے دعوے دار سارا میر گلگتی اور عمران خلیل نے بھی جج کے خلاف اس سرگرمی میں شرکت کی، اس معاملے میں عادل فارق راجہ بھی آن لائن متحرک رہے۔ ایسے واقعات سے ایک خوف کی فضا پیدا ہوئی۔ اس طرح کے اقدامات بھی دہشت گردی کی ایک شکل ہیں۔
واضح رہے کہ انگلینڈ میں مقیم ملزم شایان نے اسلام آباد کے سیشن جج کی لندن میں تعلیمی مقاصد کے لئے ایک یونیورسٹی میں مصروفیات کے دوران ان کو ہراساں کیا تھا ، ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی اور سنگین نوعیت کے نعرے لگائے تھے اور اپنی ان سرگرمیوں میں سے کچھ مواد ٹویٹر میں بھی پوسٹ کیا تھا جو اب تک اس سوشل ویب سائٹ پر موجود ہے۔