ویب ڈیسک : کراچی کے ایک شخص نے بارش سے بچنے کے لیے انوکھی چھتری نکال لی ہے جو خاص طور پر بائیک والوں کے لیے ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ان دنوں شدید بارشوں کا سیزن ہے اور ایسے میں برستی بارش کے دوران سفر کی سب سے زیادہ مشکلات موٹرسائیکل سواروں کو پیش آتی ہیں لیکن کراچی میں ایک شہری نے اس کا منفرد حل ڈھونڈ نکالا ہے۔شہر میں بارش کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مارکیٹ میں ایک نئی چھتری آئی ہے جسے موٹر سائیکل والوں کے لیے بنایا گیا ہے۔
کراچی سے ایسی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹرسائیکل پر سوار ایک شہری نے اپنی بائیک پر اس نئے ڈیزائن کی چھتری کو لگایا ہوا ہے۔
گاڑی میں سوار شہری نے موٹرسائیکل سوار کی ویڈیو بناتے ہوئے چھتری کی قیمت پوچھی جس پر اس نے 2 ہزار روپے قیمت بتائی۔
سوشل میڈیا پر ناصرف اس ویڈیو کو پسند کیا جارہا ہے بلکہ شہری اس نئے ڈیزائن کی چھتری کو بھی بہترین حل قرار دے رہے ہیں۔