ویب ڈیسک:بھارتی شہر لکھنؤ میں چور ایک گودام سے 17 لاکھ روپے ( تقریباً 45 لاکھ پاکستانی روپے) کی چاکلیٹ لیکر فرار ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گودام کے مالک راجیندرا سنگھ سدھو نے پولیس کو بتایا کہ گودام میں معروف برانڈ کی 17 لاکھ روپے مالیت کی چاکلیٹ رکھی تھی جو چوری ہوگئی ہے۔
مالک کے مطابق گودام سے چاکلیٹ کے 150 کارٹن غائب ہوئے جو کہ پورے لکھنؤ شہر میں تقسیم کیے جانے تھے، راجیندرا سنگھ کے مطابق واقعے کے وقت وہ گھر سے باہر تھے، پڑوسیوں نے فون پر بتایا کہ آپ کے گھر کا دروازہ ٹوٹا ہوا ہے۔
راجیندرا سنگھ جب گھر میں بنے گودام پر پہنچے تو دیکھا پورا گودام خالی ہے، چور جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرا بھی ساتھ لے گئے۔ گودام کے مالک کے پڑوسی نے بتایا 'رات گئے ایک ٹرک کی آواز سنی اور دیکھا سامان اس میں رکھا جا رہا ہے، ہمیں لگا یہ سامان دکانوں پر تقسیم کرنے کے لیے لے جایا جا رہا ہے'۔
تاہم پولیس نے 17 لاکھ کی اس بڑی واردات کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔