(ویب ڈیسک)وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے سعودی ہم منصب سے ملاقات میں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک سعودی کوآرڈینیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔
جدہ میں ملاقات کے موقع پر سعودی نائب وزیر داخلہ ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے رانا ثنا اللّٰہ کا استقبال کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاک سعودی تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے اپنے ہم منصب کو حج کیلئے بہترین انتظامات پر مبارکباد دی اور کہا کہ دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کےدرمیان روابط میں بہتری کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ ہیں، پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اور محبت رکھتے ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد اور معاونت کی ہے۔