محکمہ موسمیات کی بارش سے متعلق اہم پیشگوئی

18 Aug, 2022 | 01:16 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نے کراچی  میں مزید موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ مون سون سسٹم کی شدت برقرار ہے، سسٹم کا کچھ حصہ راجستھان اور مشرقی سندھ پر موجود ہے جبکہ  سسٹم کا پھیلاؤ وسطی سندھ اور بلوچستان تک آرہا ہے، آج بھی کراچی سمیت مشرقی سندھ میں گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے جس سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں رات تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا جبکہ کل رات تک سسٹم کے زیر اثر سندھ کے بیشتر مقامات پر بارش رہے گی۔

سردار سرفراز نے بتایا کہ لاڑکانہ، نوابشاہ،  سکھر،  جیکب آباد اور  دادو میں بارش 20 اگست کی صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان میں 21 اگست کی شام یا رات تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

دوسری جانب لاہور شہر میں  کبھی دھوپ تو کبھی بادل سے حبس بڑھ گیا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گی جبکہ ہوامیں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ شہر میں بارش کا تاحال کوئی امکان نہیں۔ 

 

مزیدخبریں