(ویب ڈیسک)امریکی فوج کے انخلاء کے بعد افغانستان میں مکمل کنٹرول طالبان کے ہاتھ ہے، امریکہ فوج کو ہتھیار کیوں ڈالنے پڑے اس بارے پاکستان کےسابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل حمید گل کی گئی پیش گوئی سچ ثابت ہوگئی جبکہ ان کی ایک پرانی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ کیخلاف کامیابی کے بعدسوشل میڈیا پر کوئی طالبان کی تعریفیں کرتا نظر آتا ہے تو کوئی امریکہ کو افغانستان کی مزید بگڑتی ہوئی صورت حال کے لیے مورد الزام ٹھہرا رہا ہے، پاکستان کےسابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل حمید گل نے اس حوالے سے اہم پیش گوئی کی تھی جو کہ سچ ثابت ہوگئی،ٹوئٹر پر صارفین طالبان کے افغانستان پر قبضے کو لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی فتح قرار دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی تعریف کرتے ہوئے ٹویٹ کیا، ان کا کہناتھا کہ ’لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل اگر آج زندہ ہوتے تو بہت فخر محسوس کر رہے ہوتے، انہوں نے 15 سال قبل امریکہ اور نیٹو کی مکمل شکست کی پیش گوئی کردی تھی۔‘حمید گل کو افغان قوم پر پختہ یقین تھا۔
علاوہ ازیں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کے صاحبزادے عبداللہ گل نے نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کو سنہ 2014 میں دیے گئے ایک انٹرویو کی پرانی ویڈیو بھی شیئر کی،ویڈیو میں حمید گل یہ کہتے ہوئے نظر آئے کہ ’کہنا چاہتا ہوں ریکارڈ کے لیے، شاید کل کو کوئی نہ کہے یہ بات جیسے آئی ایس آئی کو آج مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہے، جب تاریخ رقم ہوگی تو کہیں گے کہ آئی ایس آئی نے امریکہ کی مدد سے سوویت یونین کو افغانستان میں شکست دے دی، پھر ایک اور جملہ ہوگا آئی ایس آئی نے امریکہ کی مدد سے امریکہ کو شکست دے دی۔‘