مینار پاکستان واقعہ، ملزموں کی شناخت نادرا کرے گا

18 Aug, 2021 | 02:01 PM

Malik Sultan Awan

ویب ڈیسک : اعلی پولیس حکام نے مینارپاکستان  معاملے  کی تفتیش شروع کردی، اب  تک جتنی بھی فوٹیجز یا کلپ وائرل ہوئے ہیں ان کی مدد سے ان چہروں کو شناخت کیا جائے گا جو اس معاملے میں ملوث تھے۔

رپورٹ کے مطابق مینار پاکستان معاملے کا اعلی سطح پر نوٹس لے لیا گیا  جس کے بعد پولیس اور سیف سٹی اتھارٹی نے فوٹیجز اور کلپ کا فورنزک تجزیہ شروع کردیا ہے اور نادرا کی مدد سے ملوث افراد کا پتہ چلایا جائے گا اور انہیں ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا ۔

دوسری جانب تھانہ لاری اڈہ کے  تفتیشی اے ایس آئی  کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش کررہے ہیں ''یہ لڑکی اور اس کی ٹیم علامہ اقبال پارک میں اپنے سوشل میڈیا کے لئے ویڈیوز بنا رہے تھے۔ چونکہ 14 اگست کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد مینار پاکستان تفریح کی غرض سے جمع تھی اور نوجوان لڑکوں کی بھی ایک بڑی تعداد جشن آزادی کے حوالے سے جو کلچر بن چکا ہے آزادی منانے کی غرض سے اسی جم غفیر میں موجود تھی۔

لڑکی کے بیان اور پارک انتظامیہ سے جو صورت حال پتہ لگی ہے  اس کے مطابق کچھ لڑکے اس لڑکی اور اس کی ٹیم کو ویڈیوز بناتے وقت تنگ کر رہے تھے۔ جس کو انہوں نے زیادہ سنجیدہ نہیں لیا۔ تاہم اسی دوران تنگ کرنے اور آوازیں  کسنے کی تعداد میں اچانک اضافہ ہو گیا اور اسی دوران تنگ کرنے کا یہ عمل زبان سے نکل کر ہاتھوں تک آگیا اسی دوران کچھ لڑکے اسے بچانے کی کوشش بھی کر رہے تھے لیکن ہجوم اتنا زیادہ تھا کہ معاملہ کسی بھی طرح سے سنبھل نہیں سکا۔ پارک کے دو سکیورٹی گارڈ بھی آ گئے بعد میں پولیس بھی پہنچ گئی اور لڑکی کو وہاں سے نکال لیا گیا۔

مزیدخبریں