قیصر کھوکھر: حضرت شیخ علی بن عثمان المعروف حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے 978ویں سالانہ غسل مبارک کی تقریب مزار داتا دربار پر منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزار شریف کو غسل دیا۔
تفصیلات کے مطابق حضرت شیخ علی بن عثمان المعروف حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے 978ویں سالانہ غسل مبارک کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا،جس کے بعد نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت مآب میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور عقیدت مندوں نے اس موقع پر ملکی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قیام امن کیلئے دعا کی، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ، سیکرٹری اوقاف، ڈی جی اوقاف، خطیب داتا دربار مفتی رمضان سیالوی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر تقریب کو انتہائی محدود رکھا گیا۔ صرف ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ رکھنے والوں کو ہی مسجد دربار میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ مزار شریف کو 5 من سے زائد عرق گلاب سے غسل دیا گیا۔ صوفیا کے مزار آج بھی امن و بھائی چارے کے مراکز ہیں، جہاں بلاتفریق مذہب و مسلک تمام لوگ روحانی فیض پاتے ہیں۔