دیو سماج روڈ (رضوان نقوی) ایف بی آر کا 30 ستمبر کے بعد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ، ملازمین اور افسروں کو گوشوارے جمع کرانے کا پابند بنانے کیلئے گورنر ہاؤس، ایوان وزیراعلیٰ، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب کو خط لکھ دیئے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ریجنل ٹیکس آفس نے سال 2021 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کیلئے یاد دہانی مہم کا آغاز کردیا، چیف کمشنر آرٹی او احمد شجاع خان نے 2 کمشنرز کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دیدی۔
چیف کمشنر کا کہنا ہے کہ ریجنل ٹیکس آفس نے تمام صوبائی سیکرٹریز،ڈی جی فوڈ اتھارٹی، سی ای او ریلویز سمیت تمام اہم اداروں کے سربراہان کو خط لکھ دیئے ہیں، تمام بڑے سرکاری اداروں، ہسپتالوں میں کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے، سالانہ 6 لاکھ روپے سے زائد تنخواہ لینے والے پرائیویٹ اور سرکاری تنخواہ دار ملازمین گوشوارے جمع کرانے کے پابند ہیں۔