( زاہد چوہدری ) حکومت کا ٹیچنگ ہسپتالوں کی نجکاری کی کوشش کے بعد اب پرائمری ہیلتھ کو بھی ریجنل ہیلتھ اتھارٹیز قائم کرکے پرائیویٹ افراد کے سپرد کرنے کا فیصلہ، پہلے مرحلے میں میو ہسپتال اور علامہ اقبال میموریل ہسپتال سیالکوٹ میں ایم ٹی آئی کے نفاذ پر بھی غور۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ میں ہفتہ کے روز اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین وزیر اعظم ٹاسک فورس ڈاکٹر نوشیرواں برکی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، ہیلتھ سیکرٹریز سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹیچنگ ہسپتالوں کی نجکاری کے قانون ایم ٹی آئی کے نفاذ کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور پہلے مرحلے میں میو ہسپتال اور علامہ اقبال میموریل ہسپتال سیالکوٹ میں ایم ٹی آئی کے نفاذ پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پرائمری ہیلتھ کا نظام ریجنل ہیلتھ اتھارٹیز قائم کرکے ان کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریجنل ہیلتھ اتھارٹیز کو پرائیویٹ شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ذریعے چلایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبر پختونخواہ کی طرز پر پنجاب میں ریجنل ہیلتھ اتھارٹیز کے قیام کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیچنگ ہسپتالوں کے بعد اب پرائمری ہیلتھ کی بھی ریجنل ہیلتھ اتھارٹیز کی شکل میں نجکاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔