( سعود بٹ ) وزیراعلی پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری راحیل صدیقی کی نیب میں چوتھی پیشی، تین گھنٹہ پچاس منٹ تک تحقیقات کے بعد روانہ، راحیل صدیقی کا کہنا ہے میں نے کوئی کرپشن نہیں کی۔ نیب حکام شراب لائسنس کے علاوہ دیگر کیسز کی تفصیلات بھی مانگ رہے ہیں۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے سابق پرنسپل سیکرٹری راحیل صدیقی شراب لائسنس کیس میں چوتھی مرتبہ نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔ ان سے تقریبا چار گھنٹے تک تحقیقات کی گئیں۔ نیب آفس سے روانگی کے وقت میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم نے مختلف سوالات کیے۔ نیب ٹیم شراب لائسنس کے علاوہ دیگر کیسز کی تفصیلات بھی مانگ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب سے ہر طرح کا تعاون کررہا ہوں، شراب لائسنس کیس کے علاوہ نیب مختلف حوالوں سے تحقیقات کررہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ سابق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اکرم اشرف گوندل کے الزامات کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دینا چاہتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا میں نے کوئی کرپشن نہیں کی میرے ادارے کا نصب العین ہے صحیح کام کرو، کسی سے نہ ڈرو۔
نیب ذرائع کے مطابق راحیل احمد صدیقی کے بیانات کی مسلسل جانچ پڑتال جاری ہے۔ ان کی دوبارہ طلبی کا فیصلہ جلد کر لیا جائے گا۔