واسا نے زیر تعمیر فردوس مارکیٹ انڈر پاس کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

18 Aug, 2020 | 03:28 PM

Sughra Afzal

(درنایاب) کیپٹن مبین شہید انڈر پاس کے بعد واسا نے زیر تعمیر فردوس مارکیٹ انڈر پاس کے لئے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی، بروقت انتظامات نہ ہوئے تو گلبرگ ایچ، جے بلاک سی تھری اور پاشا گراؤنڈ برساتی پانی سے ڈوب سکتا ہے، واسا نے ایل ڈی اے کو تنبیہ جاری کردی۔

واسا کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں میں بھی انڈر پاس کی زیر تعمیر بیرل ڈوب گئی تھی، ایل ڈی اے علاقے کو نکاسی آب کے حوالے سے مشکلات سے بچانے کے لئے اقدامات کرے، زیر تعمیر انڈر پاس کے لئے مزید پمپس اور نکاسی کا سسٹم بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ 

واسا حکام کا کہنا ہے کہ واسا زیر تعمیر پراجیکٹ پر نکاسی کے معاملات ٹھیک ہونے تک کسی قسم کی ذمہ داری نہیں لے گا۔

 دوسری جانب قرشی پارک میں5 کروڑ کی لاگت سے بارشی پانی کا سٹوریج ٹینک فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے  میں شامل کرلیا گیا۔انڈرپاس سے ملحقہ قرشی پارک میں11 لاکھ گیلن واٹرسٹوریج ٹینک بنے گا۔

چیف انجینئرایل ڈی اے حبیب الحق رندھاوا نے واٹرکمیشن کی ہدایت پرفیصلہ کیا، قرشی پارک میں پی ایچ اے کی دو کنال اراضی استعمال کی جائے گی جس کی ابتدائی اجازت مل گئی ہے،واٹر ٹینک کو منصوبے میں شامل کرنے سے لاگت میں پانچ کروڑ اضافہ ہوگا۔

چیف انجنیئرایل ڈی اے کے مطابق واٹر ٹینک میں موجودبارش کا پانی شجرکاری اور آبیاری کیلئے استعمال ہوگا، واٹرٹینک موجودہ نکاسی کے نظام کے علاوہ ڈیزائن کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق فردوس انڈر پاس کا ڈیزائن نیسپاک نے تیار کیا ہے، ڈیزائن کے مطابق سنٹر پوائنٹ سے کیولری کی جانب دو طرفہ فل ہائٹ انڈر پاس تجویز کیا گیا ہے جبکہ کیولری گراؤنڈ سے سنٹر پوائنٹ کی جانب ساڑھے چھ کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی، یہ انڈر پاس 540میٹرطویل اور دونوں طرف سے دودو لینز پر مشتمل ہوگا۔

مزیدخبریں