میو ہسپتال نرسنگ سکول میں بوگس داخلے، سابق پرنسپل کی پنشن ضبط

18 Aug, 2020 | 10:38 AM

Sughra Afzal

ہسپتال روڈ (زاہد چودھری) میو ہسپتال کے نرسنگ سکول میں بوگس اور خلاف میرٹ داخلوں کے سکینڈل میں ملوث سابق پرنسپل رخسانہ کمال کی ایک سال کیلئے 10 فیصد پنشن ضبط، سینئر کلرک محمد امین کی 5 سال کیلئے تنزلی کر دی گئی۔

میو ہسپتال کے نرسنگ سکول میں سال 2012ء سے سال 2015ء کے دوران نرسنگ ڈپلومہ میں بوگس اور خلاف میرٹ داخلوں پر محکمہ صحت نے انکوائری کا آغاز کیا تھا، انکوائری مکمل ہونے پر میو ہسپتال کے نرسنگ سکول میں بوگس داخلوں کی ذمہ دار سابق پرنسپل رخسانہ کمال اور سابق سینئر کلرک محمد امین کو ٹھہرایا گیا ہے۔ پیڈا کے تحت انکوائری مکمل ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سابق پرنسپل رخسانہ کمال کی ایک برس کیلئے 10 فیصد پنشن ضبط کرنے کی سزا کی منظوری دیدی ہے۔ 

سینئر کلرک محمد امین کو پانچ برس کیلئے جونیئر کلرک کے عہدے پر تنزلی اور ایک بنیادی تنخواہ جرمانہ کی سزا دی گئی ہے۔

دوسری جانب  صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے کلینیکل آڈٹ کا حکم دے دیا،  ذرائع کے مطابق پہلے مرحلہ میں لاہور کے تین بڑے ہسپتالوں کا کلینیکل آڈٹ کیا جائے گا، کلینیکل آڈٹ میں سرکاری ہسپتالوں کے پروفیسرز اور ڈاکٹرز کی حاضری، مریضوں کے فیڈبیک، طبی سہولیات، طبی مشینری کی مرمت اور ڈاکٹرز کا مریضوں کے ساتھ رویہ کو ضرور مدنظر رکھا جائے۔ 

واضح رہے کہ میو ہسپتال لاہور  پاکستان کے قدیم ترین اور بڑے ہسپتالوں میں سے ایک ہے،یہ کالج پاکستان کی مشہور ترین اور جنوبی ایشیا کی دوسری قدیم ترین شاہ ایڈورڈ یونیورسٹی برائے طب سے الحاق شدہ ہے، ہسپتال کی عمارت 1870ء میں مکمل ہوئی اور 1871ء میں اس میں کام کا آغاز ہوا۔ ہسپتال کو اس وقت کے برطانوی ہندوستانی وائسرائے رچرڈ برک، مایو کا چھٹے امیر کے نام سے موسوم کیا گیا جولارڈ میو کے نام سے مشہور تھا۔ ہسپتال کا طرز تعمیر اطالوی ہے، پودن نے اس کا نقشہ بنایا اور رائے بہادر کنہیا لال نے تعمیر کروایا جو وقت کے مشہور ماہرین تعمیرات میں سے ایک تھے۔

مزیدخبریں