(سعدیہ خان) محکمہ موسمیات نے دریائے راوی اور چناب کے10 نالوں میں بڑے سیلابی ریلے کی پیشگوئی کردی ۔
مون سون بارشوں کا آخری سپیل جاری ہے، جس کی وجہ سے اپر اور جنوبی پنجاب میں سیلاب کا خدشہ ہے، اپر پنجاب خاص طور پر لاہور میں بارشوں کے باعث دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے سیلاب کی پیشگوئی کرنے والے شعبہ ایف ایف ڈی نے آئندہ 72 گھنٹوں کےدوران دریائے راوی اور چناب کے 10 نالوں میں بڑے سیلابی ریلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کردیا، یہ ہائی الرٹ آئندہ دو روز کے دوران درمیانے درجے کی طوفانی بارشوں کی وجہ سے جاری کیا گیا ہے۔
دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونےسے آس پاس کے علاقوں اور راوی کنارے جھگیوں میں جانی ومالی نقصان کا خطرہ برقرار ہے، جبکہ پانی کی سطح بلند ہونے سے پہلے ہی کئی جھگیاں ڈوب گئی ہیں۔