نوجوان کے قتل میں ملوث سابق ایس پی، بھانجے اور بہنوئی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

18 Apr, 2025 | 04:03 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: اسلام آباد جوڈیشل کورٹ نے نوجوان کے اغوا و قتل میں ملوث ملزم سابق ایس پی عارف شاہ کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر مزید چار روز ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، ملزم کے بھانجے اور بہنوئی کا پانچ روزہ ریمانڈ دے دیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود چوہدری کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر کی جانب سے ملزم کے مزید 4 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ ملزم کی جانب سے ظفر کھوکھر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ لاش برآمد کرلی ہے ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے، ملزم سے گیتی، زیر استعمال کیری ڈبہ، بیلچے برآمد کرنے ہیں۔

وکیل صفائی نے کہا کہ پراسیکیوشن خود کہہ رہی ہیں ریکوری ہوچکی ہے تو مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے، اگر قانون میں 14 دن ریمانڈ ہے تو ضروری نہیں 14 دن ہی ریمانڈ دیا جائے پہلے 11 دن کا ریمانڈ ہوچکا ہے۔

دوران سماعت ملزم عارف کے بھانجے اور بہنوئی کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا،  پراسیکیوشن کی جانب سے ملزمان کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ مقتول حمزہ کے اغواء، قتل کا مقدمہ 18 مارچ کو تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں