سٹی42: سوشل میڈیا پر پولیس وردی کی تضحیک کا معاملہ سنگین رخ اختیار کر گیا، پولیس نے معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر اور متعلقہ پولیس اہلکار کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔
ترجمان پولیس کے مطابق مقدمات میں پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق کاشف ضمیر نے سوشل میڈیا پر پولیس یونیفارم کا مذاق اُڑایا اور عوامی سطح پر محکمے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔
واقعہ ایک شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا جہاں کاشف ضمیر نے ایک پولیس اہلکار کو نوٹوں سے بھری تھال تھمائی، بعد ازاں وہ خود اسی تھال سے نوٹ نچھاور کرتا رہا۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس حرکت سے محکمہ پولیس کی عزت اور وقار بری طرح مجروح ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی حرکت پر پردہ ڈالنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کی مدد سے ایک جعلی ویڈیو بنائی جس میں پولیس اہلکار کے کپڑوں کا رنگ تبدیل کیا گیا تاکہ عوام کو گمراہ کیا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق بدنامی کا باعث بننے والے پولیس اہلکار کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔