ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

روٹی سستی کرنے سے انکار پر 80 تندور والے گرفتار، نان بائیوں کی کئی شہروں میں ہڑتال

Punjab Roti price, bread price in Punjab, City42,
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پنجاب میں روٹی کی قیمت کم نہ کرنےپر 80 تندور والوں کو پولیس نے  گرفتار کرلیا  اور انتظامیہ نے کئی ریسٹورنٹ سیل کر دئیے، کئی شہروں میں آج گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کے لئے تندور والوں نے ہڑتال کر دی۔

لاہور میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کچھ روز پہلے روٹی کی قیمت 20 روپے سے کم کر کے  16 روپے مقرر کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ تب سے  حکومت پولیس کی مدد سے رتندوروں اور ریسٹورنٹس پر روٹی کی قیمت کم کروانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کوشش کے ضمن میں سب سے زیادہ گرفتاریاں آج ہوئی ہیں۔ آج انتظامیہ کی جانب سے 16 روپے کی روٹی بیچنے کے احکامات کی خلاف ورزی پر 98 مقدمات درج کرکے 75 افراد گرفتار کو گرفتار کرلیا گیا۔


لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں 2 ہزار 265 نان روٹی بیچنے والی دوکانوں پر قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس  جائزہ کے دوران  280 مقامات پر خلاف ورزیاں پائی گئیں۔

 ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روٹی نان کی سرکاری قیمت سے زیادہ قیمت پر فروخت کرنے والوں پر 3 لاکھ سے زائد کے جرمانے بھی کیے گئے ۔

ملتان میں چھ ریسٹورنٹ بند

ملتان میں پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 6 ریسٹورنٹس کو سیل کیا گیا ہے جبکہ 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

 گزشتہ دنوں پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی تھی جس کے بعد صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں روٹی بھی سستی کردی تھی اور روٹی کی نئی قیمت 16 روپے مقرر کی ۔ اس قیمت پر ہر جگہ روٹی کی فروخت اب تک عملاً ممکن نہیں ہو سکی ہے۔  جس کے سبب حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف حکومت کا ایکشن جاری ہے۔

تندوروں کی ہڑتال کا آغاز
 پنجاب میں 16 روپے کی روٹی بیچنے کے حکومتی احکامات کے بعد نان بائی دو حصوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔ کچھ نان بائی اور تندور مالکان 16 روپے کی روٹی بیچ کر کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں، کچھ بدستور 20 روپے کی روٹی اور 25 روپے کا نان بیچ کر گرفتاریوں کو خطرہ مول لے رہے ہیں جبکہ آج جمعرات کے روز گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کے لئے بعض شہروں میں تندور والوں نے ہڑتال شروع کر دی ہے۔ 

راولپنڈی ڈویژن میں گرفتاریوں اور چھاپوں کے خلاف نان بائیوں نے آج ہڑتال کردی جب کہ ٹیکسلا، گوجرخان، جاتلی، کلرسیداں اور گرد ونواح میں آج صبح سے تندور بند ہیں جس کے باعث نان پراٹھا نہ ملنے پر شہریوں نے بیکریوں کا رخ کرلیا۔