(علی رامے)آج سے 21 اپریل تک پنجاب میں آندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔
پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالا، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بارش ہو گی جبکہ ڈی جی خان ، کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی کے امکانات ہیں۔
مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بالائی پنجاب کے اضلاع میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں اورموجودہ موسمی صورتحال میں آسمانی بجلی کی گرج چمک کے امکانات زیادہ ہیں۔ ایم ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ اس حوالے سےصوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔