بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست بحال

18 Apr, 2024 | 10:39 AM

 ( احتشام کیانی) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست بحال ہو گئی۔

 اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست بحالی کی متفرق درخواست منظور کر لی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے متفرق درخواست پر سماعت کی ،عدالت نے درخواست پر پیر 22 اپریل کو حتمی دلائل طلب کر لئے، عدالت نے دو دن قبل درخواست عدم پیروی خارج کر دی تھی.

 واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چند روز قبل عدم پیروی پر درخواست خارج کر دی تھی، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے وکلاء بیرسٹر سلمان صفدر، عثمان ریاض گِل اور خالد یوسف چودھری نے منسوخ ہونے والی درخواست بحالی کیلئے ایک روز قبل اپیل دائر کی تھی۔

 درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سرینا چوک ناکے پر ٹریفک جام کے باعث عدالت پہنچنے میں تاخیر ہوئی، وکلا کی جانب سے عدالت پہنچنے میں جان بوجھ کر تاخیر نہیں کی گئی، درخواست بحال نہ ہونے سے درخواست گزار کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

 بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست کی سماعت پر وکلا کی عدم پیشی پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا تھا کہ وکلا نہیں چاہتے کہ بشریٰ بی بی جیل چلی جائیں۔

 جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اگر بشریٰ بی بی کے وکلا یہ کیس جیت جاتے تو سابق خاتون اول جیل چلی جاتیں، وکلاء خود نہیں چاہتے کہ بشریٰ بی بی جیل چلی جائیں، مذاق بنایا ہوا ہے، میں نے کہا تھا آئندہ تاریخ پر فیصلہ کروں گا پھر بھی پیش نہیں ہوئے۔

مزیدخبریں