ویب ڈیسک: پنجاب پولیس کے پروبیشنر اے ایس آئیز اور سب انسپکٹرز کے ٹریننگ کورسز کو ری سٹرکچر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے اے، بی، سی اور ڈی کورسز کے دورانئے کو مختصر کرنے کی سمری وزیر اعلی پنجاب کو بھجوا دی۔ سمری کے مطابق پروبیشنراے ایس آئیز اور سب انسپکٹرز کی ٹریننگ کا دورانیہ 36مہینوں سے کم ہوکر18ماہ رہ جائے گا۔ ایلیٹ کورس دو مہینے، اے، بی اور سی کورس ایک مہینہ جبکہ ڈی کورس 18مہینوں سے کم ہو کر6ماہ پر محیط ہوگا۔
ری سٹرکچر سسٹم کے مطابق پروبیشنر اے ایس آئیز اور سب انسپکٹرزپولیس ٹریننگ اداروں میں 7 ماہ تربیت لیں گے۔آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پروبیشنر اے ایس آئیز اور سب انسپکٹرز کی ٹریننگ کا معیار بہتر اور دورانیہ مختصر ہوجائے گا۔ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی ہونے والے سب انسپکٹرز اضلاع میں اے، بی، سی اور ڈی کورسز نہیں کریں گے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ یہ افسران پولیس ٹریننگ اداروں میں اپنی جاب ڈیوٹی کی ضروریات سے متعلقہ 10ہفتے دورانئے کا ریفریشر کورس کریں گے۔زیر تربیت افسران پریکٹیکل ضروریات کے مطابق کم وقت میں معلوماتی اور عملی تربیت حاصل کرسکیں گے۔ نیا تربیتی نصاب پروبیشنر اے ایس آئیز اور سب انسپکٹرز کو بہتر تربیت اورفیلڈ تجربے سے ہمکنار کرے گا۔