پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی ، سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع

18 Apr, 2023 | 08:00 PM

ویب ڈیسک :  پنجاب میں عام انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کر ادی ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کرانا ممکن نہیں کیونکہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری صرف انتخابات کا انعقاد نہیں بلکہ صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے،ووٹرز کسی ڈر اور خوف کے بغیر آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں، 8 اکتوبر کو انتخابات کا انعقاد زمینی حقائق کی روشنی میں کیا گیا،اگر 8 اکتوبر سے پہلے انتخابات ہوئے تو ملک میں انارکی اور افراتفری پھیلنے کا خدشہ ہے، الیکشن کمیشن یہ ذمہ داری اٹھانے کو تیار نہیں ۔ 

 رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ انتخابات کیلئے فنڈز اور امن و امان کیلئے فورس کی عدم فراہمی سے 14 مئی کو انتخابات ناممکن ہوتے جارہے ہیں،پنجاب میں سیکیورٹی کیلئے 4 لاکھ 66 ہزار اہلکار درکار ہیں، نگران پنجاب حکومت صرف 81 ہزار اہلکار فراہم کررہی ہے 3 لاکھ 85 ہزار کی کمی ہے، پاک فوج، ایف سی، رینجرز کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھا جس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا، بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے رقم کی ادائیگی کی آج آخری تاریخ تھی بروقت چھپائی نہ ہوئی تو ذمہ دار نہیں،تصویروں والی انتخابی فہرستوں کی چھپائی پہلے ہی تاخیر کا شکار ہے۔ 

مزیدخبریں