(جنید ریاض) لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن میں بیشتر انتظامی پوسٹیں خالی، میٹرک اور انٹر کے امتحان متاثر ہونے کا خدشہ، عرصہ دراز سے ترقیوں کے منتظر افسران، ملازمین ریٹائر ہونے لگے۔
چیئرمین لاہور بورڈ کی انتظامی آسامیاں پُر کرنے میں عدم دلچسپی کے سبب، بورڈ میں افسران،ملازمین کی اکثر و بیشتر آسامیاں خالی ہونے سے انتظامی معاملات ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں، سینکڑوں ملازمین عرصہ دراز سے پرموشن کے منتظر ہیں۔
اکثر افسران و ملازمین پرموشن کے انتظار میں ریٹائر ہونے لگے ہیں،ڈپٹی کنٹرولر انٹر، میٹرک اسسٹنٹ کنٹرولر اور اسسٹنٹ سیکرٹری فنانس کی آسامی خالی ہے، جس کے باعث میٹرک اور انٹر کے امتحان متاثر ہونے کا خدشہ ہےجبکہ میٹرک کے بچوں کو سکالر شپ فراہم کرنے والی آسامی، میٹرک اور انٹر کے بچوں کو سرٹیفکیٹس فراہم کرنے والے ملازم کا عہدہ بھی عرصہ دراز سے خالی ہے۔
انتظامی پوسٹیں خالی ہونےسے بچوں کو سکالر شپ اور سرٹیفکیٹس کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ خالی آسامیاں پر کرنے کا کام جاری ہے، ڈیپارٹمنٹ کی باہمی مشاورت کے بعد خالی آسامیوں کو پر کرلیا جائے گا۔