سعدرضوی کا شوریٰ ارکان کے نام خصوصی پیغام، نیا حکم دیدیا

18 Apr, 2021 | 10:38 PM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعدرضوی نے شوریٰ ارکان کے نام ایک اور اہم  پیغام جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعدرضوی نے شوریٰ ارکان کے نام اہم پیغام جاری کردیا،سعد رضوی نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ مسجد رحمت اللعالمین کے سامنے دھرنا فوری ختم کیا جائے ،کارکنان فوری طورپر گھروں کو واپس لوٹ جائیں۔ کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ کااپنے پیغام میں کہناتھا کہ شوریٰ ممبران خود کو قانون کے حوالے کریں،شوری ممبران کی ضد کی وجہ سےسینکڑوں کارکنان اورعوام چھ دن سے مشکلات میں ہیں ۔سعد رضوی نے کہاکہ 20 اپریل کی ہڑتال کی کال فوری واپس لی جائے ،قبلہ ظہرالحسن شاہ میری ہدایات پر فوری عمل کرائیں۔

واضح رہے کہ آج صبح کالعدم تحریک لبیک کےمسلح کارکنوں کا نوانکوٹ تھانے پر حملہ کیا، ڈی ایس پی سمیت دیگر اہلکاروں کو اغوا کرکے مرکز لے گئے،ملتان روڈ پر کالعدم تحریک لبیک کا احتجاج آج بھی جاری رہا۔تصادم کے دوران پولیس اہلکاروںسمیت مظاہرین بھی زخمی ہوئے ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مسلح مظاہرین نےنوانکوٹ تھانے پر حملہ کیا۔

حملے کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکار تھانے میں محصور ہوگئے، جنہوں نے دفاعی طور پر مظاہرین کو پیچھے دھکیلا، مظاہرین ڈی ایس پی نوانکوٹ کو اغوا کرکے اپنے مرکز لے گئے ہیں۔مظاہرین نے50 ہزار لیٹر پیٹرول کا ٹینکر بھی اپنی تحویل میں لے رکھا ہے ۔مظاہرین نے پولیس اور رینجرز پر پیٹرول بم سے بھی حملے کئے۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن مسجد یا مرکز کے خلاف نہیں تھا ۔پولیس نے طاقت کا مظاہرہ اپنے دفاع میں کیا۔

یاد رہے کہ محکمہ داخلہ نے تمام ڈی سیز کو کالعدم تحریک لبیک کے لانگ مارچ پر الرٹ جاری کیا،محکمہ داخلہ کا کہناتھا کہ تمام ڈی سیز کالعدم تحریک لبیک کے لانگ مارچ کو روکنے کے لئے اقدامات کریں، تحریک لبیک کے کارکنوں کو ایک جگہ اکٹھا نہ ہونے دیں۔ تحریک لبیک کے سرگرم کارکنوں کی لسٹ محکمہ داخلہ اور پولیس کو دی جائے۔ تحریک لبیک کے لانگ مارچ کو ہر صورت نا کام بنایا جائے۔
 

مزیدخبریں