اپٹما کا کورونا ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں عطیہ کرنے کا اعلان

18 Apr, 2021 | 01:31 PM

Sughra Afzal

شادمان (سعید احمد) کورونا کی تیسری خطرناک لہر میں اپٹما کی جانب سے بہترین اقدام، عوام کیلئے کورونا ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں عطیہ کرنے کا اعلان کردیا، فیصلہ اپٹما عہدیداروں کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ 

چیئرمین اپٹما عادل بشیر کا کہنا ہے کہ اپٹما نے کورونا ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں درآمد کرکے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا، اپٹما نے یہ فیصلہ کارپوریٹ سوشل ریسپانس بیلیٹی کے تحت کیا، اس حوالے سے سرپرست اعلیٰ اپٹما گوہر اعجاز نے قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے ممبران کی توجہ اس معاملے کی جانب مبذول کروائی, اپٹما نے بروقت فیصلہ کرتے ہوئے عوام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں یہ فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپٹما ممبران ایک لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں درآمد کرنے کیلئے فنڈ اکٹھا کریں گے، حکومت سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا جائے گا۔ 

چیئرمین اپٹما کا کہنا تھا کہ اکیلی حکومت اس وبا کا مقابلہ کر ہی نہیں سکتی، دیگر بزنس ایسوسی ایشنز کو بھی سامنے آنا چاہیئے اور اپنا فرض ادا کرنا چاہیئے۔ اپٹما ممبران اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، کورونا کے خلاف حکومتی اقدامات کو مضبوط بنائیں۔

 واضح رہےکہ گزشتہ روز گوہر اعجاز کی جانب سے بھی جناح ہسپتال انتظامیہ کو 25 ہزار ویکسی نیشن ڈوز عطیہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، 25 ہزار ویکسین ڈوز لیک سٹی کے تعاون سے مستحق افراد کو بالکل مفت فراہم کی جائیں گی۔ 

گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے سدباب اور مریضوں کے علاج معالجے کیلئے یونہی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے، کورونا ویکسی نیشن کروانے کی استطاعت نہ رکھنے والے افراد کو مفت ویکسین کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

مزیدخبریں