( سعید احمد سعید ) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملکی و بین الاقوامی پروازوں کے لیے ایس او پیز جاری کردیئے، ایس او پیز سپیشل پروازوں اور چارٹر طیاروں کے لیے جاری کیے گئے جو 18 اپریل سے 30 اپریل تک نافذالعمل رہیں گے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نئے ایس او پیز کے مطابق بین الاقوامی جہازوں کو پاکستان آنے کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کرنا ہونگے۔ انٹرنیشنل فلائٹس کے آنے اور جانے کے وقت اور تاریخ کا تعین پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کرے گی۔
ایس او پیز کے مطابق مسافروں کے جہاز میں بیٹھنے سے قبل پورے جہاز میں جراثیم کش سپرے کیا جائیگا۔ جہاز کو مکمل طور پر جراثیم سے پاک ہونے کی تسلی خود جہاز کا پائلٹ کرے گا۔ جہاز اڑنے سے قبل متعلقہ ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی جراثیم کش سپرے کا سرٹیفکیٹ جاری کرے گی۔
جہاز کے دیگر دستاویزات کے ہمراہ پائلٹ کو یہ سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانا ہوگا، ہرجہاز میں کورونا سے بچاؤ کیلئے کٹس، ماسک اور گلوز فراہم ہونے چاہیں۔ جہاز میں بیٹھنے سے قبل ہر مسافر اور عملے کی سکریننگ کی جائے گی۔
ہر مسافر سے کورونا بچاؤ کا ہیلتھ سرٹیفکیٹ پُر کرایا جائیگا۔ جہاز کے اندر مسافروں کو ایک دوسرے کے ساتھ نہیں بٹھایا جائیگا اور سوشل ڈیسٹنس کا خیال رکھا جائے۔ ایس او پی لے مطابق تمام مسافر دوران سفر سرجیکل ماسک پہن کر رکھے گے، تمام کیبن کریو اور کاک پٹ کا عملہ دوران پرواز سرجیکل ماسک اور پی پی ای کٹ پہننے کے پابند ہونگے، دوران پرواز کیبن کریو ہر مسافر کو گھنٹے بعد ہینڈ سینٹائزر مہیا کرینگے۔
ایس او پی میں کہا گیا ہے کہ بورڈنگ کے بعد کیبن کریو مسافروں کو سیٹوں پر بیٹھا کر ماسک پہنے ہوئے تصویر ہیلتھ سٹاف کو بھیجے گا۔ لینڈنگ سے قبل تمام مسافروں کے ہیلتھ فارم مکمل کرائے جائینگے اور انہیں اے ایس ایف سٹاف سے چیک کرایا جائے گا۔
بیمار مسافر کے پاس جانے والے کیبن کریو این 95 ماسک، گلوز اور پی پی اے کٹ پہنے گا، بعد ازاں مسافروں اور کریو کو 7 دن کورنٹائن کیا جائے گا جبکہ اپنی پسند کے ہوٹل میں جانے کے خواہشمند مسافر ہوٹل کے تمام اخراجات خود برداشت کرنے کے پابند ہونگے۔