ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مجاہد مستقیم احمد کی ریٹائرمنٹ میں صرف پانچ روز باقی رہ گئے، جسٹس مجاہد مستقیم احمد باسٹھ سال کی عمر پوری ہونے پر چوبیس اپریل کو ریٹائر ہوجائیں گے۔
جسٹس مجاہد مستقیم احمد کے اعزاز میں چوبیس اپریل کو الوادعی تقریب ہوگی، ہائیکورٹ کے ججز لاونج میں ہونے والی تقریب میں چیف جسٹس محمد قاسم سمیت دیگر ججز شرکت کریں گے۔ الوادعی تقریب میں پرنسپل سیٹ پر کام کرنے والے ججز شرکت کریں گے، چیف جسٹس اور ججز جسٹس مجاہد مستقیم احمد کو سووینر اورپھولوں کاتحفہ دے کر رخصت کریں گے۔ جسٹس مجاہد مستقیم احمد کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہائیکورٹ میں ججز کی خالی آسامیوں کی تعداد 20 ہوجائے گی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ قاسم خان اور سینئر ترین جج جسٹس امیر بھٹی ججز کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے پر عزم ہیں اور اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ غیر جانبدار، صاف اور شفاف وکلا اور سیشن ججز کا لاہور ہائیکورٹ کے جج کے طور پر تقرر ہوگا۔ ماتحت عدالتوں میں بھی ججوں کی 700 سے زائد اسامیاں خالی ہیں، جس کے باعث زیرالتواء مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ سوا سال سے زائد عرصہ سے کوئی نیا جج تعینات نہیں ہوا۔
کرونا وائرس خدشات کے باعث نئے ججوں کی تعیناتیوں کا عمل مزید تاخیر کا شکارہونے کاخدشہ ہے،لاہورہائی کورٹ میں ججوں کی کمی کے باعث زیرالتواء مقدمات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کےچیف جسٹس مامون رشید شیخ سمیت 13 ججز میں سے کچھ رواں سال ریٹائر ہو گئے ہیں جبکہ کچھ کی مدت ملازمت باقی پڑی ہے،چیف جسٹس مامون رشید شیخ آئندہ ماہ 18مارچ کو ریٹائر ہوئے تھے،وہ لاہور ہائیکورٹ کے 51 ویں چیف جسٹس تھے۔
سیشن جج صارف عدالت عبدالحفیظ 13اگست کو ریٹائر ہوں گے، اسپیشل جج انسداد دہشت گردی کورٹ لاہور عبدالقیوم خان 17 اگست کو ریٹائر ہوں گے،سینئر سپیشل جج انٹی کرپشن لاہور بہادر علی خان یکم ستمبر کو ریٹائر ہوں گے،سپیشل جج انٹی کرپشن کورٹ فیصل آباد راناآفتاب احمدخان بھی رواں سال 31 اکتوبرکو ریٹائر ہوں گے،رجسٹرار لاہورہائیکورٹ اشتر عباس رواں سال 27 نومبر کو ریٹائر ہوں گے جج صارف عدالت سرگودھا ملک خضر حیات 30نومبر کو ریٹائر ہوں گے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان سہیل اکرام 31 دسمبر 2020 کو ریٹائر ہوں گے۔