سٹی42: اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ امریکہ کی طرف سے مشرق وسطیٰ کی جنگ کے انتباہ کے بعد اسرائیل لبنان میں 'جو ضروری ہے' کرے گا.
لبنان میں حزب اللہ کے تین ہزار کے لگ بھگ کارکنوں پر پیجر حملوں کے بعد حزب اللہ نے اسرائیل پر ان حملوں کا الزام لگاتے ہوئے اسرائیل کو سزا دینے کا اعلان کیا تو اسرائیل نے عوام کے لئے حفاظتی تدابیر کی ہدایات برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی ہوم فرنٹ کمانڈ نے کہا ہے کہ عوام کے لیے ہدایات کو تبدیل نہیں کیا گیا۔
اسی دوران اسرائیل کے اعلیٰ سکیورٹی حکام کو حکومتی رہنماؤں سے فوری ملاقات کے لیے طلب کیا گیا تاکہ حزب اللہ کی جانب سے کسی اقدام کے آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
اسرائیل کی خفیہ ایجنسی شن بیٹ کا کہنا ہے کہ اس نے سابق سینئر اسرائیلی سکیورٹی شخصیت پر حزب اللہ کے حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔
ہآرٹیز اخبار کے مطابق اسرائیلی حکام نے بتایا ہے کہ حزب اللہ کے محاذ پر بڑھتے ہوئے تناؤ کی وجہ سے وزیر دفاع گیلانٹ کی برطرفی میں تاخیر ہو رہی ہے۔