ویب ڈیسک : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنی گفتگو میں کہا ہے کہ آئینی ترمیم کا مسودہ راز نہیں ہے ۔ یہ پبلک ڈاکومنٹ ہے ۔ پی ٹی آئی بھی اس ترمیم پر راضی ہے ۔ انہوں نے دسمبر تک وقت مانگا ہے ۔
خواجہ آصف نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ 26 ویں آئینی ترمیم عمران خان یا کسی دوسرے فرد سے متعلق ہے ۔ انہوں نے کہا عمران خان نے اتنی وارداتیں کی ہیں کہ ان کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں، وہ صرف آئینی ترمیم نہیں بلکہ پاکستان کی ہر چیز کو اپنے ساتھ نتھی کرنا چاہتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اپنے آپ کو ہر چیز کا محور سمجھتے ہیں، انہوں نے چار سال جو گل کھلائے ہیں ان پر نظر دوڑائیں، 9 مئی کو بغاوت کرنے کی کوشش کی گئی، 9 مئی واقعے میں فوج کے ادارے میں بھی ایسے لوگ موجود تھے جو فیض کے ساتھ تھے۔ بانی پی ٹی آئی جب سے قید ہیں تب سے دو چار ہزار مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ججز کی تقرری کا سارا معاملہ جوڈیشری کے پاس ہے ایک ایک چیمبر سے پانچ پانچ وکیل جج ہیں، سیاست دانوں کا احتساب ہوتا ہے، مقدمے بھی بنتے ہیں اور تنخواہ صرف دو لاکھ ہے، ججز کو بھاری تنخواہوں کے ساتھ مراعات بھی ملتی ہیں لیکن 27 لاکھ کیسز عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ آئینی ترمیم کا مقصد کسی کااحتساب ہی نہیں بلکہ اداروں میں طاقت کا توازن قائم کرنا ہے۔