ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے 21 ستمبر کو لاہور میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ، انہوں نے اعلیٰ قیادت کا اجلاس 19 ستمبر کو پشاور میں طلب کرلیا
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس 19 ستمبر کو پشاور میں ہوگا، اجلاس میں 21 ستمبر بروز ہفتے کو لاہور میں ہونے والے جلسے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔اسی اجلاس میں جلسے کے لیے روانگی ، مقام اور انتظامات کے حوالے سے پلان اے ، بی اور سی بنائے جائیں گے ۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق جلسے کے لیے خیبرپختونخوا کے قافلوں کی قیادت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کریں گے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ پشاور سے زیادہ سے زیادہ عوام لاہور جلسے میں شریک ہو کر جلسے کو کامیاب بنائیں ۔ یاد رہے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد جلسے کے بعداسمبلی میں چیلنج بھی کیا گیا ہے کہ لاہور میں جلسہ کرکے دکھائیں اور فیصل واڈا نے ان پر کڑی تنقید بھی کی تھی ۔