ویب ڈیسک: بحرِ اوقیانوس میں تباہ ہونے والی بدقسمت آبدوز"ٹائٹین"سے بھیجا گیا آخری پیغام سامنے آگیا۔
ٹائٹین آبدوز میں سوار 5 افراد میں 2 پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد اور ان کا 19 سالہ بیٹا سلیمان داؤد بھی شامل تھا جبکہ دیگر افراد میں اوشین گیٹ کے بانی اور سی ای او اسٹاکٹن رش، برطانوی ایکسپلورر ہمیش ہارڈنگ اور تجربہ کار فرانسیسی غوطہ خور پال ہنری نارجیولٹ شامل تھے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق غرق شدہ بحری جہاز"ٹائی ٹینک" کی سیاحت کے لیے جانے والی بدقسمت آبدوز سے رابطہ منقطع ہونے سے پہلے بھیجاگیاآخری پیغام اس کے تباہ ہونے کے تقریباً 1 سال بعد سامنے آگیا۔
بدقسمت آبدوز میں پانچ مسافر سوار تھے،رابطہ ختم ہونے سے پہلے انہوں نے اپنے آخری پیغام میں کہا کہ "یہاں سب ٹھیک ہے۔"
میڈیا رپورٹس کے مطابق آبدوز سے مذکورہ آخری پیغام مقامی وقت کے مطابق 10 بج کر 47 منٹ پر بھیجا گیا تھااور اس وقت آبدوز 3 ہزار 346 میٹر کی گہرائی میں تھی۔
امریکی کوسٹ گارڈز نے اس واقعہ کی تحقیقات اور ایسے حادثات سے بچنے کے لیے 2 ہفتے کی انکوائری شروع کر دی ہے جس میں کوسٹ گارڈز کا میرین بورڈ آف انویسٹی گیشن اوشین گیٹ کے 10 سابق ملازمین اور میرین سیفٹی ماہرین سے بھی پوچھ گچھ کرے گا،تحقیقات میں ٹائٹین کے ڈیزائن،حفاظتی تاریخ اور سابقہ آلات کے مسائل کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔