فاران یامین: ملک بھرمیں جشن عیدمیلادالنبی ؐعقیدت واحترام ومذہبی جوش و جذبےکیساتھ منایاجارہاہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نےعید میلاد النبیٰﷺ کے موقع پرعام تعطیل کا اعلان کیا ہے، لاہور میں عید میلادالنبی ﷺکے موقع پر دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔
عاشقان مصطفیٰ آقائے دوجہاں خاتم المرسلین محمدﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہے ہیں،لاہور میں تقریب کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے21توپوں کی سلامی دی،جوانوں نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے پرجوش نعرے بھی لگائے،اسلامی تقریب کے وقت سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔
شہربھر میں فجر کی نماز کے بعد ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، مسجد انوار مدینہ ریلوے کوارٹر سے جشن عید میلاد النبیﷺ کی ریلی نکالی گئی، ریلی کپ سٹور،ایک موریہ پل،سرکلر روڈ سےہوکر داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی،ریلی میں عاشقان رسول ﷺنے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکانے ہاتھوں میں پرچم تھامے ہوئے تھے،ریلی کے شرکاکی جانب سے سرکار کی آمد مرحبا کی صدا بلند کی گئی،ریلی میں بڑوں کے ساتھ بچوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
جشن عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر لنگر تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے، عاشقان رسول ﷺکی جانب سے شہر میں جگہ جگہ سٹالز لگائے گئے،اندرون شہر میں فجر کی نماز کے بعد ہی لنگر تقسیم کا سلسلہ جاری ہوگیا،لیگی ایم پی اے سنبل مالک حسین کی جانب سے بھی لنگر تقسیم کیا گیا،لنگر اندرون دہلی گیٹ میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں ملک بھر کی گلیوں، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اورسبز جھنڈیوں سےسجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، اس کے ساتھ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔
مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے، فضائیں درود و سلام سے معطر ہیں۔