(جمالدین جمالی)گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر خاتون سے بد تمیزی کا معاملہ ایک اور ملزم نے بعد از گرفتاری ضمانت کیلئے سیشن عدالت سے رجوع کر لیا عدالت نے پولیس سے کیس کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
تفصیلات کےمطابق گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر خاتون سے بد تمیزی کیس میں ملوث ملزم افتخار احمد نے سیشن عدالت میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کی، اس سے قبل ملزم شہر یار نے بعد از گرفتار ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جو زیر سماعت ہے، ملزم افتخار احمد نے اپنے وکیل کی وساطت سے درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا کہ میرا واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔
درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ بے گناہ ہوں، مجھے ضمانت پر رہائی دی جائے، مجھے بد نیتی کی بنیاد پر مقدمہ میں ملوث کیا گیا ہے، ٹک ٹاکر خاتون نے شناخت میں غلطی کی میں، چار بچوں کا باپ ہوں میں وہاں فیملی کے ساتھ گیا۔
نیو فینسنگ کی وجہ سے موبائل لوکیشن گریٹر اقبال پارک میں ظاہر ہوئی اور بلا جواز گرفتار ہوا ایڈیشنل سیشن جج نعمان نعیم نے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالت نے پولیس سے 20 ستمبر کے لئے کیس کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ گریٹراقبال پارک خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کے کیس میں آئی جی پنجاب انعام غنی کی کمیٹی کی جانب سے تیارکردہ رپورٹ میں چشم کشا انکشافات کئے گئے تھے، ٹک ٹاکرکےعلاوہ دیگرخواتین کو چھیڑنے، دست درازی کی کالزموصول ہوئی تھیں۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق ون فائیو پر 33سےزائدکالزموصول ہوئیں، کمیٹی ممبران نے تمام ون فائیو کے کال کرنے والوں سے رابطہ کیا، ہلڑ بازی کا واقعہ پیش آیا تب بھی پولیس موقع پر موجود نہ تھی جبکہ 14اگست کو ایس ایچ او لاری اڈا سمیت 40 اہلکاروں کی نفری تعینات تھی۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ریمبو اور دیگر ہجوم سے 16کالز کی گئیں پولیس موقع پر نہ پہنچ سکی، ڈولفن اہلکاروں کو دیکھ کر ریمبو نے بلایا انہوں نےعوام کو پیچھے ہٹایا۔