(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا کمال کا جانا ٹھہر گیا ہے؟ وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ہٹانے کیلئے ناراض حکومتی ارکان اور اپوزیشن کی بیٹھک،35سے زائد ارکان اسمبلی کی شرکت، حزب اختلاف نے چالیس ایم پی ایز کی حمایت کا دعویٰ کردیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی متحرک ہوگئے، صادق سنجرانی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے پر مشاورت کی گئی۔
چیئرمین سینیٹ نے ناراض ارکان سے ذاتی حیثیت میں ملنے کا بھی فیصلہ کیا، ملاقات میں خالد مگسی، منظور کاکڑ، سرفراز بگٹی، عبدالقادر، احمد خان، نصیب اللہ بازئی سمیت دیگر اراکین شامل تھے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر سینیٹرز سرفراز بگٹی، منظور خان کاکڑ، عبدالقادر اور نصیب اللہ بازئی بھی موجود تھے، ملاقات میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے حکومتی و اتحادی ارکان اسمبلی نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا، ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل، صوبائی وزرا اور اتحادی جماعتوں کے اراکین شامل تھے۔ اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ سیاست میں ناراضگی ہوتی رہتی ہے، ہم دوستوں کو منا لیں گے، وہ ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن کو مایوسی ہوگی۔