ایف آئی اے کی جانب سے طلبی پر جہانگیر ترین کا رد عمل

17 Sep, 2020 | 06:53 PM

Malik Sultan Awan

 (سٹی 42) جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے مجھ پر عائد کئے گئے تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ میرے متعلق کہانی گھڑ کے ایک خود ساختہ کیس بنایا گیا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ، انکوائری کمیشن کی تخلیق کا مقصد چینی کی قیمت میں اضافے کی وجہ معلوم کرنا تھا۔ اس کے بر عکس جو بے سرو پا الزامات لگا کر مجھے ایف آئی اے طلب کیا جا رہا ہے، ان الزامات کا چینی کی قیمت سے کوئی تعلق ہی نہیں۔

جن کارپوریٹ ٹرانزایکشنز کو بنیاد بنا کر مجھ پر الزامات عائد کئے جا رہے ہیں، وہ ٹرانزیکشنز آج سے کئی سال پرانی ہیں۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہسالوں پہلے کی گئی ٹرانزیکشنز کا چینی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے کیا تعلق؟  کمیشن کو چینی کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے میرے خلاف کچھ حاصل نہیں ہوا تو اب نئی کہانی بنا کر لائی گئی ہے ۔

انتہائی حیران کن بات ہے کہ ملک بھر میں 80 سے زائد شوگر ملز کام کر رہی ہیں، ٹارگٹ صرف اور صرف جے ڈبلیو ڈی کو کیا جا رہا ہے ۔ میرے بیٹے علی ترین کو بھی بلا وجہ اس کیس میں گھسیٹا جا رہا ہے، بیٹے کا جے ڈبلیو ڈی انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں نہ وہ موجودہ بورڈ کا ممبر ہے،  نہ ہی میرا بیٹا ماضی میں کسی عہدے پر فائز  رہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیس سے متعلق میرا مکمل موقف اور تفصیلات جلد ایف آئی اے کو جمع کرا دی جایئں گی ۔

مزیدخبریں