شادی ہالز مالکان کیلئے بڑی خوشخبری

17 Sep, 2020 | 04:18 PM

Sughra Afzal
Read more!

(قیصر کھوکھر) شادی ہالز مالکان کے لئے خوشخبری، محکمہ خزانہ پنجاب نے شادی ہالز پر ٹیکس بڑھانے سے انکار کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے فنانس نے شادی ہالز پر تمام ٹیکس بڑھانے یا کم کرنے کی تجویز مسترد کر دی، حکومت نے کابینہ کمیٹی کو ہدایت کی تھی کہ صورتحال دیکھ کر ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا جائے اور اگر معاشی صورتحال خراب ہے تو ٹیکس کم کر دیئے جائیں۔

 سیکرٹری خزانہ عبداللہ خان سنبل کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے پہلے ہی شادی ہالز پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا گیا ہےاور اب شادی ہالز پر زیرو ٹیکس نہیں کیا جا سکتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ شادی ہالز حسب معمول پانچ فیصد ٹیکس ادا کرتے رہیں گے، اس کے علاوہ فی الحال مزید ٹیکسز نہیں لگائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کورونا کے باعث 6 ماہ سے بند شادی ہالز 15 ستمبر سے کھل گئے ہیں اور پنجاب حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، شادی ہالز میں فیس ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور دستانوں کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، مہمانوں کی گنجائش پچاس فیصد کم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

حکومت پنجاب کے اعلامیے کے مطابق شادی ہال مالکان کورونا کے حفاظتی ایس او پیز پرعمل درآمد کے پابند ہوں گے، شادی ہالز میں گنجائش سے نصف افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی، کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کی نگرانی ہیلتھ آفیشل اور ضلعی انتظامیہ کریگی۔

اعلامیہ کے مطابق ایک وقت میں شادی ہالز میں کتنے افراد داخل ہوسکیں، شادی ہالز کے باہر لکھ کر آویزاں کرنا ہوگا اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہوگا، 2 گھنٹے سے زیادہ شادی ہالز میں کوئی بھی پروگرام نہیں ہو گا، شادی ہالز انتظامیہ بخار چیک کرنے کیلئے تھرمل گن کا انتظام کرے گی ۔ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ شادی ہالز رات دس بجے بند کرنا ہوں گے۔

مزیدخبریں