سٹی 42:کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر 22 تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا۔
ملک بھر میں تقریباً 7 ماہ بعد تعلیمی ادارے کھول دیے گئے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیز بھی جاری کیے گئے ہیں اور ان پر عملدرآمد نہ ہونے پر سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنےپر 22 تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا۔این سی او سی کے مطابق خیبرپختونخوا میں 16، اسلام آباد میں ایک اور آزاد کشمیر میں 5 تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا ہے۔
ادھر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کو پہلے وارننگ دیں گے اور پھر بند کردیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ جس دن کا انتظار تھا وہ آج آگیا، آج ایک مبارک دن ہے، یہ ایک امتحان کا دن بھی ہے۔ قوم نے ڈٹ کر کورونا وبا کا مقابلہ کیا ہے، حکومت کی کاوشوں سے یہ دن آیا، حکومت کی مثالی کارکردگی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام تعلیمی اداروں سے گزارش ہے کہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور والدین کو بھی چاہیے کہ ایس او پیز پر چیک رکھیں، ہر بچہ ماسک لازمی پہنے، چاہے گھر میں کپڑے کا ماسک بنا لیا جائے۔ امید ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد ہوگا، صوبائی حکومتیں بھی کوشش کررہی ہیں کہ ایس او پیز پر عملدرآمد ہو اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پرپہلے وارننگ دیں، پھر ادارہ بند کر دیا جائے گا۔ اساتذہ نے پڑھانےکے ساتھ ساتھ ایس او پیز پر عملدرآمد بھی کروانا ہے۔
یاد رہے پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 29097 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 665 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 4 افراد انتقال کرگئے۔