سٹی 42 : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب ترین انعقاد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قوم کو مبارکباد دی گئی ، محسن نقوی نے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات، سی ڈی اے اور اسلام آباد پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کے مثالی کردار کو سراہا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے فول پروف انتظامات پر پاک فوج، اسلام آباد پولیس، رینجرز، ایف سی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چئیرمین سی ڈی اے اور آئی جی اسلام آبادپولیس کو خصوصی طور پر شاباش دیتا ہوں۔ اسلام آباد میں بہترین انتظامات اور لینڈ سیکپنگ کاسہرا سی ڈی اے کو جاتا ہے، پوری ٹیم نے یکجان ہو کر محنت کی اور شاندار رزلٹ دئیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایس سی او سربراہ کانفرنس سے پاکستان کا عالمی سطح پر امیج بہتر ہوا، طویل عرصے بعد پاکستان میں ایک بڑی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کی عکاس ہے، مہمان ممالک سے پاکستان کے معاشی، سیاسی اور سفارتی تعلقات میں بہتری آئے گی، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام وزارتوں اور اداروں کے باہمی تعاون سے ایس سی او سربراہی کانفرنس کا شاندار انعقاد ممکن ہوا، دن رات ڈیوٹی کرنے والے تمام اہلکار خصوصی تحسین کے مستحق ہیں، انشاءاللہ آنے والے دنوں میں پاکستان اس سربراہی کانفرنس کے ثمرات سے مستفید ہو گا۔