ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ مضبوط، خوشحال اور مستحکم معاشرہ تب ہی ممکن ہے جب کمزور اور پسماندہ طبقات کا ہاتھ تھام لیا جائے۔
غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام میں انہوں نے کہاکہ غربت محض ایک اقتصادی مسئلہ نہیں، بلکہ تعلیم، صحت، اور انصاف کے عدم دستیابی کا نتیجہ ہے، منصب سنبھالتے ہی معاشرتی انصاف اور اقتصادی ترقی کے ذریعے غربت کے خاتمے کا عہد کیا-
انہوں نے بتایا کہ غریب بے گھر افراد کے لیے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام لانچ کیا ، کسانوں کےلئے 400 ارب کا تاریخی کسان پیکج شروع کیا ہے ، ہرنوجوان کو غربت سے بچانے کے لئے سکلز پروگرام،روزگار کے مواقع اور دیگر اختراعی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ سپیشل افراد کی معاشی معاونت کےلئے ہمت کارڈ لانچ کیا ہے، خواتین کی غربت ختم کرنے کے لئے معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں، عارضی مہنگائی کا خاتمہ اور اشیائے ضروریہ کے نرخ میں کمی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں-
ان کامزید کہناتھا کہ غربت کے خاتمے کی جدوجہد میں کامیابی مشترکہ ذمہ داری نبھانے سے مشروط ہے۔