پی پی 139 میں شکست: پی ٹی آئی امیدوار کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست

17 Oct, 2022 | 08:34 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی کے حلقہ 139شیخوپورہ 5 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے ہارنے والے امیدوار محمد ابوبکر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دے دی۔

گزشتہ روز  قومی اسمبلی کے 8 حلقوں کے ساتھ ساتھ پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر بھی ضمنی انتخابات ہوئے۔ ضمنی الیکشن میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ 139شیخوپورہ کی نشست ن لیگ کے حصے میں آئی اور ن لیگ کے چوہدری افتخار احمد بھنگو جیت گئے۔پی پی 139 شیخوپورہ 5 کے تمام 153 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری افتخار احمد بھنگو 40829 ووٹ لے کر پہلے نمبر رہے۔ان کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے محمد ابوبکر 37712 ووٹ لے سکے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کے ہارنے والے امیدار محمد ابوبکر کی جانب سے ریٹرننگ افسر کو دوبارہ گنتی کے لیے دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے دوران متعدد بے ضابطگیاں دیکھنے میں آئیں ۔متعدد پولنگ اسٹیشنوں پرمیرے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا گیا جبکہ ن لیگ کے پولنگ ایجنٹس اندر موجود رہے ۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ غیر قانونی طور پر ووٹوں کی تعداد میں ردوبدل کیا گیا ۔پورے حلقے میں کئی پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کے واضع ثبوت موجود ہیں،لہٰذا میرے حلقے میں دوبارہ گنتی کرائی جائے اور بے ضابطگیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔

مزیدخبریں